Hot Posts

6/recent/ticker-posts

آندھرا میں سیلاب سے تحفظ کے لیے نیدرلینڈ کا آبی نظام اختیار، نائیڈو حکومت کا اہم اقدام

آندھرا پردیش کیپٹل ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ڈی آر ڈی اے) نے پیر کو ریاست کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اہم فیصلے کیے ہیں، جن میں رنگ روڈ کی تعمیر اور آبی ذخائر کے نظام کے استعمال پر توجہ دی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ چندرا بابو نائیڈو نے اس اجلاس کی صدارت کی، جس میں ریاست میں سیلاب کے مسائل سے نمٹنے کے لیے نیدرلینڈ کے نظام (گریویٹی کنال سسٹم) کو اپنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

میونسپل انتظامیہ اور شہری ترقیات (ایم اے یو ڈی) کے وزیر پی نارائن نے کہا کہ عالمی بینک نے امراوتی کے لیے 15 ہزار کروڑ روپے جاری کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے لیکن اس نے ریاستی حکومت سے کہا ہے کہ وہ سیلاب روک تھام کے منصوبوں کو جلد از جلد عملی جامہ پہنائے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ستمبر میں وجئے واڑہ میں سیلاب نے راجدھانی کے علاقے میں سنگین صورتحال پیدا کر دی تھی اور حکومت اس مسئلے کو فوری طور پر حل کرنا چاہتی ہے۔


وزیر پی نارائن نے کہا کہ امراوتی کے 217 کلومیٹر علاقے میں مختلف حصوں میں آبی ذخائر کی تعمیر کی جا رہی ہے۔ راجدھانی علاقے میں کوڑاویتی اور پلاواگو میں گریویٹی کنال ریزروائر تعمیر کیے جا رہے ہیں، جبکہ نیروکونڈا، کرشنایاپلیم، سکھامرو، اور وونڈاولّی میں بھی اسٹوریج ذخائر پر کام جاری ہے۔

خیال رہے کہ نیدرلینڈ میں آبی انتظام کے حوالے سے نہروں کا بہترین نظام موجود ہے، جہاں گریویٹی کے اصول کے تحت پانی کو ندی یا نہر سے کھیتوں یا آبی ذخائر کی جانب موڑا جاتا ہے۔ اپریل 2017 میں ڈچ کنسلٹنٹس اور ٹی سی ایس نے امراوتی کے لیے آبی ذخائر اور اندرونی آبی گزرگاہوں کا ڈیزائن پیش کیا تھا۔

ہندوستان میں کئی آبپاشی منصوبوں میں گریویٹی کنال سسٹم کا استعمال کیا جاتا ہے، جیسے کہ گنگا نہر، اندرپرستھ نہر وغیرہ۔ یہ نہریں کسانوں کو آبپاشی کے لیے پانی فراہم کرنے میں معاون ہوتی ہیں۔ گریویٹی کنال سسٹم کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ یہ ماحولیات پسند ہے، کیونکہ اس میں کسی بھی طرح کی الیکٹری سٹی یا توانائی کی ضرورت نہیں ہوتی۔

گریویٹی کنال سسٹم بنیادی طور پر ایک آبی نکاسی اور آبپاشی نظام ہے جو کشش ثقل کے اصول پر مبنی ہے۔ اس سسٹم میں پانی کو نہروں کے توسط سے کشش ثقل کے ذریعہ ایک جگہ سے دوسری جگہ تک لے جایا جاتا ہے۔ اس میں پانی کو قابو کرنے کے لیے کسی طرح کی پمپنگ یا باہری توانائی کا استعمال نہیں کیا جاتا ہے۔ اس نظام میں پانی اونچی جگہ سے نچلی جگہ کی طرف بہتا ہے، جس سے پانی کا بہاؤ فطری اور قدرتی طور سے ہوتا ہے۔

Post a Comment

0 Comments